
Publications
The publications section of the Gurmani Centre publishes an annual Urdu studies journal titled Bunyād as well as a student literary magazine titled Numūd. The Centre also collaborates with Sanjh Publications to publish a range of literary books in vernacular languages.
سلسله اشاعت گرمانی مرکز ز بان و ادب
گرمانی مرکز زبان و ادب ، لمز ایک نئے سلسلہ کتب کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ یہ کتب پاکستان کی کلاسیکی اور جدید زبانوں سے متعلق ان تازہ ترین تحقیقات پر مشتمل ہوں گی، جنھیں بین الا اقومی علمی معیار کے تحت تصنیف کیا گیا ہو گا۔ اس سلسلہ کتب کا مقصود ، ایک طرف پاکستان کی زبانوں کے علم و ادب کو فروغ دینا ہے تو دوسری طرف ان کتب کی مدد سے مغرب کو علم کے واحد اور آفاقی مرکز کے طور پر سمجھے جانے کے تصور کی اجارہ داری کو ختم کرنا ہے۔ ہم ایسے تحقیقی منہاج کو بھی عام کرنا چاہتے ہیں، جس کی روشنی میں مابعد نو آبادیاتی صورت حال کی تشکیل میں شامل جملہ اجزا کی نشان دہی کی جاسکے ، اور ان کی رد تشکیل کی جاسکے۔ ہم اس تصور کی اشاعت بھی چاہتے ہیں کہ جنوبی ایشیائی زبانوں اور ان کے ادب میں مضمر مقامی فکر ایک اپنی وضع اور طرز کی آفاقیت رکھتی ہے۔ یہ فکر معاصر عہد میں انسانی وجود اور انسانیت کو لاحق مسائل کی تفہیم رکھتی اور ان مسائل پر جرح کرتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ فکر نئی ادبی ہئیتوں کی راہ ہموار کرتی ہے ، اور مختلف و متنوع ثقافتوں کے مابین مکالمے اور تبادلہ خیال کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔
ہم ادبی نظریہ سازوں، مابعد نو آبادیاتی مفکرین اور فاضل مئورخین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے اس تصنیفی منصوبے کا حصہ بنیں۔ وہ آگے بڑھیں اور دنیا کی مختلف ثقافتوں اور معاصر عہد کے غالب فلسفیانہ نظام ہائے فکر کی تفہیم ، مقامی فکری نظاموں کی روشنی میں کریں، نیز اب تک نظر انداز کیے گئے مقامی انسانی علوم ، ادب ، رسوم و اساطیر کو آفاقی تھیوری کی ایک صورت کے طور پر دریافت کریں۔ بایں ہمہ گرمانی مرکز زبان و ادب کا نیا سلسلہ اشاعت فقط ان موضوعات تک محدود نہیں ہے۔ ہمارے فاضل مصنفین ہمیں مقامی فکر کی روشنی میں کیے گئے رد نو آبادیاتی مطالعات، کلاسیکی ادب کی شروح و تعبیرات، مترجمہ کتب، اور دیگر ایسے علمی منصوبے جو گرمانی مرکز زبان وادب کے بنیادی منشور (جس کی تفصیل مرکز کی ویب گاہ پر موجود ہے) سے ہم آہنگ ہوں، سے متعلق مسودات بھی جمع کرواسکتے ہیں۔

جنوبی ایشیائی مسلمانوں کی غرب شناسی
Coming Soon
جنوب ایشیائی مسلمانوں کی نظر سے مغرب کا ایک گہرا تاریخی و فکری مطالعہ—
ڈاکٹر نجیبہ عارف کی یہ منفرد تحقیقی کاوش اٹھارویں صدی کے مسلم سفرناموں کی روشنی میں "غرب شناسی" کے تصور کو ایک نئے اور معروضی زاویے سے پیش کرتی ہے۔ یہ کتاب مغرب سے متعلق مسلم بیانیے کو ازسرِنو سمجھنے کی سنجیدہ علمی کوشش ہے۔
اردو میں غرب شناسی پر پہلی باقاعدہ کتاب، گرمانی مرکزِ زبان و ادب اور سنگِ میل پبلیکیشنز کے اشتراک سے جلد شائع ہو رہی ہے۔



لاہور کی کہانی
شاعری کی زبانی


